رائے ونڈ۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ متاثرین سوات کے لیے پنجاب کے دروازے کھلے ہیں اور حکومت صوبے میں آنے والے متاثرین کو خوش آمدید کہے گی ۔ رائے ونڈ میں متاثرین کی آباد کاری سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کسی پاکستان کو دوسرے صوے میں داخل ہونے سے روکنا غیر منصفانہ فعل ہے اور ایسا کرنا قومی تقاضوں اور حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوات کے متاثرین پاکستانی ہیں اور دیگر پاکستانیوں کی طرح وہ بھی ملکی وسائل پر مکمل حق رکھتے ہیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 27 مئی سے متاثرین کے کیمپوں میں پنجاب ہکومت کی طرف سے مفت آٹا پہنچنا شروع ہو جائے گا۔





















