Japan      Pakistan     London      Washington  
Fax : 81-285-287962
EMail : awazehaq1@gmail.com
EMail : rana@kni.biglobe.ne.jp
          

Awaz-e-Haq

پنجاب کابینہ نے مجسٹریسی نظام کی بحالی کے لیے ضابطہ فوجداری میں ترامیم کی باضابطہ منظوری دے دی

leave a comment

لاہور ۔ پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے بلدیاتی انتخابات ایک سال تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا جبکہ صوبائی کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مسودہ میں ترمیم کی منظوری کے بعد سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کردیں۔ کابینہ نے پولیس آرڈر 2002ء میں ترامیم کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جو اپنی سفارشات دو ہفتہ کے اندر وزیر اعلی کو پیش کرے گی۔ یہ فیصلے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے۔صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ صوبائی وزیر بلدیات سردار دوست محمد کھوسہ نے دی جبکہ اس موقع پر وزیر اعلی کے معاون خصوصی پرویز رشید بھی موجود تھے۔سردار دوست محمد کھوسہ نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے مجسٹریسی نظام کی بحالی کے لیے ضابطہ فوجداری میں ترامیم کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جبکہ پولیس آ رڈر 2002ء میں ترامیم کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو دو ہفتہ کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث موجودہ حالات میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ بالخصوص صوبہ سرحد اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے اس لیے صوبائی کابینہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو کم از کم ایک سال کے لیے مؤخر کیا جائے اور صوبائی حکومت کو نظام کو چلانے کے لیے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کی اجازت دی جائے۔تاہم انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ملک میں حالات فی الفور درست ہوں اور اگر حکومت یہ سمجھے کہ ایک سال سے پہلے بھی کسی وقت حالات بہتر ہو گئے ہیں تو یہ انتخابات کروائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو آئین میں دی گئی خودمختاری کے تحت صوبے کے حالات اور معاملا ت کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنا صوبوں کا حق ہے لیکن آمریت کے دیئے ہوئے نظام نے عوام کو مسائل سے دوچار کردیا تھا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران اس نظام میں موجود شکایات اور کمزوریوں کو اجاگر کیا گیا اور عوام کی بہتری کیلئے انتظامی اور تعمیر وترقی کے حوالے سے بات چیت کی گئی تھی۔ وزیراعظم نے اس پر صوبوں سے سفارشات مانگی تھیں ۔ آج پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس کی باقاعدہ کاپی مرکز کو بھجوارہے ہیں۔ شیڈول سکس کے تحت اس نظام میں تبدیلی کے اختیارات صدر کے پاس ہیں۔ وزیراعظم صدر کو بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کی سفارش کریں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام صوبوں نے وزیراعظم سے مجسٹریسی نظام کی بحالی کا مطالبہ کیاتھا۔ لوکل گورنمنٹ آرڈر میں جو ترامیم کی گئی ہیں ان کے ذریعے ابتدائی سطح پر ضلعی ناظمین کی جگہ پر ایڈمنسٹریٹز کی تعیناتی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کابینہ نے ملک میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث بلدیاتی انتخابات ایک سال تک مؤخر کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ لوکل حکومتوں کا صوبائی حکومتوں کے ساتھ کوئی تعلق نہ تھا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ پولیس آرڈر 2002ء میں ترامیم کیلئے وزیراعلی کی ہدایت پر سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو دو ہفتوں میںا پنی رپورٹ پیش کرے گی

Written by Editor

July 10th, 2009 at 11:58 pm

Posted in Pakistan News