لاہور۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نوازشریف نے کہاہے کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کا ملکی وسائل پر اتنا ہی حق ہے جتناکہ ملک میں رہنے والے کسی بھی دوسرے شہری یا دیگر صوبوں کا ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے محب وطن عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے انہیں قومی دھارے میں لاکر ترقی کے عمل میں شریک کرنا حکومت وقت اور ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے ان خیالات کااظہار نواب محمد اکبر بگٹی شہید کے پوتے اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی سے اپنی رہائشگاہ رائے ونڈ میںواقع میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ صوبہ بلوچستان کے محب وطن اور پرعزم عوام ایک مضبوط پاکستان کی پختہ ضمانت فراہم کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف کے آمرانہ اقدامات کی بدولت قدرتی وسائل سے مالا مال اور رقبے کے اعتبار سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کو آگ میں جھونک دیا گیا اور ابھی اس دور کے لگائے ہوئے زخم بھی نہ بھرپائے تھے کہ ایک بار پھر آگ اور خون کی ہولی کا نہایت ہی سفاکانہ اور خطرناک سلسلہ ایک نئے اور بہیمانہ انداز سے شروع کر دیا گیا ۔نوازشریف نے کہاکہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور لوگوں کو دائمی تحفظ فراہم کرنے اور اغیار کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے صوبے کے محبت وطن عوام کے لیے جامع ترقیاتی منصوبے اور عوام کے حقیقی مسائل کا ادراک اور حل پر مبنی جامع حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھناہوگا ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کے یقینی حل اور فیصلوں میں ملک گیر ہم آہنگی کیلئے تمام فیصلے قومی اسمبلی ،سینٹ اورصوبائی اسمبلیوں کے ذریعے کئے جانے چاہئیں تاکہ عوام کا قومی اداروں اور اپنے منتخب کردہ نمائندوں پراعتماد قائم کیاجاسکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آمریت کے لگائے گئے زخموں کا ازالہ کرنے کیلئے فی الفور نواب اکبر بگٹی شہید کے قاتلوں کو قانون اور انصاف کے کٹہرے میں لاکر انہیں کیفرکردار تک پہنچائے ۔نوازشریف نے کہاکہ حکومت بلوچستان میں حالات ٹھیک کرنے کیلئے ان تمام بلوچ رہنماؤں اور دیگر مقامی قبائل اور عمائدین سے بھی جامع مذاکرات کا عمل شروع کرے جوقومی اسمبلی ،سینٹ یابلوچستان اسمبلی میں کسی بھی بنا پر نمائندگی نہیں رکھتے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 1973ء کے آئین میں فراہم کردہ صوبائی خود مختاری کے بھر پور حق میںہے اور اس کی یہ رائے ہے کہ صوبائی خود مختاری کے ذریعے ہی چھوٹِے صوبوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔ملکی سطح پر دولت کی منصفانہ تقسیم اور وسائل پر متعلقہ عوام کے حق کو تسلیم کرنا ہی صوبوں کے درمیان بے چینیوںکے خاتمے اوروفاق کی مضبوطی کی ضمانت فراہم کرتے ہیں ۔نوازشریف نے کہاکہ ہم سب کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ بلوچستان میں موجود تمام قدرتی وسائل کی رائیلٹی سمیت دیگر دیرینہ مسائل اور معاملات خوش اسلوبی سے طے کریںتاکہ ایک مضبوط اورخوشحال اور مستحکم پاکستان کی ضمانت فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی نے قائد مسلم لیگ(ن) کی جانب سے بلوچستان کے عوام کیلئے نہایت واضح موقف اختیار کرنے اور اُن کے حقوق کیلئے موثر انداز سے آواز بلند کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے عوام محمد نوازشریف کی قیادت اورا ُن کے دوٹوک موقف کی بنیاد پر انہیں نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی شک و شبہ سے بالاتر ہے اور ملک کے استحکام کیلئے اُن کی دی گئی قربانیاں کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں۔ بلوچستان کے عوام کی جدوجہد کا مقصد صوبے کوصوبائی خودمختاری اور وسائل پر اپنا حق حاصل کرنا ہے۔اس موقع پر شاہ زین بگٹی نے نواز شریف کو صوبہ بلوچستان کے دورے کی دعوت دی

Sorry, but commenting on this post is disabled.

Chief Editor : Rana Waqas Abrar
Ph : 81-285-287961 | Fax : 81-285-287962
EMail : rana@kni.biglobe.ne.jp