Japan      Pakistan     London      Washington  
Fax : 81-285-287962
EMail : awazehaq1@gmail.com
EMail : rana@kni.biglobe.ne.jp
          

Awaz-e-Haq

حکومت نے 13جولائی سے سوات مالا کنڈ کے بے گھر افراد کی واپسی کا اعلان کر دیا

leave a comment

اسلام آباد ۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے 13جولائی سے سوات مالا کنڈ کے بے گھر افراد کی واپسی کا اعلان کر دیا انہوں نے کہا ہے کہ فوجی آپریشن کے مطلوبہ اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں دیرپا امن کیلئے فوج علاقے میں موجود رہے گی ۔ فوج کے شہداء کی یاد گار تعمیر کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا توقع ہے کہ عدلیہ کا فیصلہ پارلیمنٹ کے حق میں ہو گا عوام ہی بالادست ہیں کرسی کی مضبوطی نہیں اداروں کے استحکام کیلئے برسراقتدار آئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ آٹھ ہفتوں سے سوات مالا کنڈ کے لوگ بے گھر ہیں فوجی آپریشن یقیناً قومی زندگی کیلئے امتحان ہوتا ہے کیونکہ اس قسم کی صورتحال کی وجہ سے ملک کے غیر مستحکم ہونے کا خطرہ ہوتا ہے حکومت نے عوامی خواہشات اور مقامی رسم و رواج کا احترام کرتے ہوئے مالا کنڈ ڈویژن میں نظام عدل ریگولیشن کے نفاذ کا اعلان کیا تھا اس کے بعد کے حالات سب کے سامنے ہیں نہ صرف ریاستی نظام کو چیلنج کیا گیا بلکہ عدلیہ ، آئین پارلیمنٹ اور دیگر اداروں کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کر دیاگیا وزیراعظم نے کہاکہ ہم اداروں کو مضبوط عوام کو بالا دست او رپارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں سوات مالا کنڈ میں حکومتی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے متوازی حکومت قائم کر لی گئی تھی فوجی آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا ناگزیر تھا فوجی آپریشن کے دوران چار ہفتوں میں ہماری بہادر فوج نے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں متعدد جوان شہید کئی زخمی اور معذور ہوئے ہیں معیشت کو سخت دھچکا لگا ہے علاقے میں وار لارڈز دندناتے پھر رہے تھے آپریشن کے ذریعے 1700دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ان جوانوں نے ملک کی خاطر جانیں دیں ہیں ملکی سرحدوں کو بچا کر ملکی سالمیت کیلئے کام کیاہے۔ فوج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ان شہداء کے حوالے سے یاد گار تعمیر کریں گے انہوں نے کہاکہ حکومت نقل مکانی کرنے والے ان لاکھوں افراد کی مشکلات سے آگاہ ہے یہ نقل مکانی ناگزیر حالات میں ہوئی ہے ان خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود بے گھر افراد کیلئے اپنے دل اور گھروں کے دروازے کھول دئیے انہوں نے بے گھر خاندانوں کے میزبان شہریوں کو ہلال امتیاز دینے کا اعلان کیا ۔ وزیراعظم نے سرحد حکومت ، سیاسی جماعتوں ،این جی اوز ، عالمی امدادی اداروں کی خدمات کی تعریف کی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام کے دل و دماغ کو جیتنا ہی اصل کامیابی ہے سپیشل سپورٹ گروپ نے اپنے وسائل کے مطابق کام کیا۔ متحدہ اپوزیشن کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جس نے ہمارے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دیا فوج کی مدد کی گئی اور دہشت گردی کے مقابلے کیلئے اپنی توانائیو ںکو صرف کیا۔انہوں نے کہاکہ میں نے قوم سے خطاب کے موقع پر ہی کہہ دیاتھا کہ فوجی آپریشن مسائل کا مستقل حل نہیں ہے یہ وقتی حل ہوتا ہے فوج کے واپس جانے پر اس خلاء کو پورا کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کیا جائے گا متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ تیار کیاجارہاہے وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردوں نے اسلام کا چہرہ مسخ کرتے ہوئے پوری دنیامیں ملک کی رسوائی کی۔ ایسا مذہب جو ساری دنیا کو امن کا پیغام دیتا ہے دہشت گردی کی وجہ سے دنیا آج پاکستان کا نام لیتے ہوئے محتاط ہو جاتی ہے انہوںنے واضح کیاکہ پاکستان کے امیج پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا میڈیا دہشت گردوں کو ہیروز کے طور پر اجاگر نہ کرے ملک دشمن جمہوریت پسند نہیں ہو سکتے انہوں نے کہاکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کیلئے کسی نے آنسو نہیں بہائے ۔ فوج دلیر اور بہادر شہداء کیلئے آنسو بہائے گئے ہیں وزیراعظم نے کہاکہ جب ڈرون حملہ ہوتا ہے تو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے عوامی رائے تبدیل ہو جاتی ہے ہمیںفوجی آپریشن میں عوام کا ساتھ اورتعاون حاصل تھا ڈرون حملوں سے عوامی حمایت کم ہو سکتی ہے امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں پاکستان کی پالیسی کی حمایت کرے میڈیا پالیسی کے ذریعے ہی اس جنگ کو جیت سکتے ہیں۔ پاکستان کی جنگ ہے پاکستان نے خود اس جنگ کو لڑنا ہے پاکستان کو ڈرون ٹیکنالوجی فراہم کی جائے پاکستانی فوج دنیا کی عظیم فوجو ںمیں شمار ہوتی ہے وزیراعظم نے تیرہ جولائی سے بے گھر افراد کی مرحلہ وار واپسی کا اعلان کیا اور کہا کہ واپسی کے حوالے سے ایس ایس جی پروگرام جاری رہے گا جبکہ حفاظت کی فوج سوات مالاکنڈ میں موجودرہے گی۔ قوم کو خوشخبری سنانا چاہتے ہیں چار ہفتوں کے قلیل عرصہ کے بعد بے گھر افراد بے عزت اپنے گھروں کی واپسی کا اعلان کر دیا ہے فوجی آپریشن کے مطلوبہ اہداف اور مقاصد حاصل کر لئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے جس علاقے میں بھی حکومتی رٹ کو چیلنج کیا جائے گا اور متوازی حکومت قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج اور وفاق اس حوالے سے اپنی ذمہ داری ضرور اداکرے گا انہوں نے کہاکہ سوات مالا کنڈ واپس جانے والے افراد کالی بھیڑوں سے ہوشیار رہیں انہوں نے کہاکہ سوات مالا کنڈ میں بیشتر بنیادی ڈھانچے کو بحال کر دیا گیا ہے بے گھر افراد کے میزبان خاندانوں کے شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ قوم سے اداراوں کے تحفظ کا وعدہ کر رکھا ہے کرسی کیلئے نہیں اداروں کیلئے اقتدار سنبھالا ہے اداروں کی بالادستی چاہتے ہیں پارلیمنٹ کو خود مختار بنانا چاہتے ہیں صدر پارلیمنٹ کے اختیارات میں توازن پیداکرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلی بار سولہ کروڑ عوام کے منتخب پارلیمنٹ نے بجٹ کو اتفاق رائے سے منظور کیا ہم نے عدلیہ کی آزادی کیلئے قربانیاں دی ہیں جیلوں ، آنسو گیس اور تشدد کا سامنا کیاہے میں خود افتخارمحمد چوہدری کیلئے جیل میں گیا تھا ہم ایساکام نہیں کر سکتے کہ دوبارہ منتخب نہ ہوں قوم کے آنے والے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں ان فیصلوں سے آنے والے دنوں میں عوام کو فائدہ ہو گا انہوں نے کہاکہ معاشی ٹیم کی آئی ایم ایف سے بات چیت کے پیش نظر مہلت مانگی گئی تھی صدر نے میرے مشورے پر پٹرولیم مصنوعات پر پی ڈی ایل کے نفاذ سے متعلق آرڈیننس جاری کیا ہے اٹارنی جنرل نے آرڈیننس سپریم کورٹ میں پیش کر دیاہے عدلیہ کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس کا احترام کریں گے توقع ہے کہ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی وہ پارلیمنٹ کے حق میں ہو گا اداروں کو مضبوط بنانے کے پیش نظر ہی سب سے پہلے میں نے عدالتی پالیسی کی حمایت کا اعلان کیا ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ کوئی صدارتی آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کرتا ہے تو یہ اس کا حق ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اقبال ظفر جھگڑا اور سینیٹر رخسانہ زبیری کی پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے عدالت میں2005ء سے درخواست زیر سماعت تھی اور فیصلہ زیر التواء تھا ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ میرٹ کے مطابق ہی اوگرا کے نئے چیئرمین کی تقرری ہو گی حتمی طو رپر ناموں کی فہرست طلب کر لی گئی ہے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ اپنی جنگ خود لڑی ہے امریکہ کیلئے نہیں لڑرہے ہیں ڈرون حملوں کے خلاف امریکہ ہمارے موقف سے قائل نظر آرہا ہے آخر کار امریکہ کو ہمارے موقف ہی سے اتفاق کرنا ہو گا ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کو وسعت دے رہے ہیں غریب ترین خاندانوں کے دوسو تک بجلی یونٹس کے بلز کے حوالے سے حکومت ریلیف دے گی گیس کے بلوں کے حوالے سے بھی رعایت دی جائے گی

Written by Editor

July 9th, 2009 at 11:43 pm

Posted in Pakistan News