پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کے نفاذ کے لیے صدارتی آرڈیننس کے اجراء کی مذمت کرتے ہوئے اسے آئین‘ عدالت عظمی اور عوام کی توہین قرار دے دیا ۔ آرڈیننس کی پارلیمنٹ میں سخت مزاحمت کی جائے گی ۔ ثناء نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اپنے شاہانہ اخراجات کے لیے غربوں کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کو کسی صورت من مانی کا تو اختیار حاصل نہیں ہے ایسا نہیںہوسکتا کہ صدر جو مرضی میں آئے اس کا حکم جاری کریں انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کیوں نہیں کرتی ۔ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادا جا رہا ہے وزیر وں کی فوج ظفر موج اور غیر ملکی دوروں میں کمی کیوں نہیں کی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے لیے معاشی خوشحالی جبکہ عوام کے لیے معاشی بدحالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق آرڈنینس پارلیمنٹ میںپیش کیے جانے کے موقع پر اس کی سخت مخالفت کی جائے گی





















