چین کے تعاون سے پاکستان میں چشمہ 3 اور 4 ایٹمی ریکٹرز کی تعمیر کے حق میں نہیں
پاکستان اور چین پر واضح کر دیا ہے کہ وہ دو نیوکلیئر ریکٹر کی تعمیر کا منصوبہ ترک کر دیں
دونوں ممالک کو کوئی بھی نیا معاہدہ کرنے سے پہلے اس کو نیوکلیئر سپلائر گروپ سے منظور کروانا ہوگا ‘ امریکی محکمہ خارجہ کا کانگریس کے رکن ایڈورڈ جے مارکے کو خط
واشنگٹن ۔امریکہ نے پاکستان اور چین کے درمیان جوہری معاہدے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ چین کے تعاون سے پاکستان میں چشمہ 3 اور 4 ایٹمی ری ایکٹروں کی تعمیر کے حق میں نہیں ہے ۔ امریکی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے چین اور پاکستان پر واضح کر دیا ہے کہ وہ پاکستان میں دو نیوکلیئر ری ایکٹر کی تعمیر کا منصوبہ ترک کر دیں ۔ کانگریس کے رکن ایڈورڈ جے مارکے کو لکھے گئے خط میں امریکی محکمہ خارجہ کے قانونی امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری میتھورینال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کو کوئی بھی نیا ایٹمی معاہدہ کرنے سے پہلے اس کو نیوکلیئر سپلائر گروپ سے منظور کروانا ہو گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات بڑھ رہی ہیں لیکن پاکستان کا سابقہ ریکارڈ این ایس جی کے فیصلے کو مشکل کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس بارے میں دونوں ممالک سے وضاحت طلب کرتا رہے گا جبکہ ہر سطح پر پاکستان اور چین کو امریکہ کا موقف بتا دیا ہے کہ امریکہ چشمہ 3 اور 4 کی تعمیر کے حق میں نہیں انہوں نے بتایا کہ امریکہ اس بارے میں این ایس جی کے رکن ممالک کے ساتھ بھی رابطے میں ہے ۔
Posted by Editor in Pakistan News























