ہمارے ساتھیوں کی طرف سے وعدے پورے نہ کرنے سے جمہوریت کا سفر مشکل ہو گیا
مسلم لیگ ( ن ) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ۔ مسلم لیگ ( ن ) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اے این پی کو میاں نواز شریف کا شکر گزار ہونا چاہئے جو انہیں مردان سے نکال کر قومی سیاست میں لائے ۔ ملک میں جمہوریت کا سفر اس لئے مشکل ہو گیا ہے کیونکہ ہمارے ساتھیوں کے اپنے وعدے پورے نہیں کئے ۔ آج اگر کوئی صوبہ سرحد کو پختونخواہ کہے گا تو کل کوئی جناح پور کہنا شروع کر دے گا ۔ آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک آئین اپنی اصل شکل میں بحال نہیں ہو گا عدلیہ آززاد نہیں ہوتی اور 17 ویں ترمیم کا خاتمہ نہیں ہو گا اس وقت تک جمہوریت کا سفر مکمل نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے کیپٹن ( ر ) صفدر نے ایوان کی توجہ اس طرح مبذول کرائی تھی کہ ایوان میں غیر آئینی الفاظ استعمال نہ کئے جائیں کیونکہ آئین صوبہ سرحد کا نام صوبہ سرحد ہی ہے ۔ صوبہ پختونخواہ نہیں ہے جب تک آئینی ترمیم کے ذریعے اس کا نام تبدیل نہیں ہوتا اس کو سرحد کے نام سے ہی پکارا جائے ۔ جس پر اے این پی نے نواز شریف کے خلاف غیر مناسب اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے حالانکہ نواز شریف ہی تھے جو اے این پی کو مردان سے نکال کر قومی سیاست میں لائے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ابھی جمہوریت کی طرف سفر جاری ہے یہ سفر اس لئے مشکل ہو گیا کہ ہمارے دوستوں نے وعدہ خلافی کی اور اپنے وعدے پورے نہیں کئے اگر آج اعلان مری کے مطابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیگ دیگر معزول جج بحال ہو گئے ہوتے اور عدلیہ آزاد ہو جاتی ‘ 17 ویں ترمیم کا خاتمہ ہو چکا ہوتا تو ملک میں حقیقی جمہوریت مکمل طور پر بحال ہو جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف اور شہباز شریف کی نااہلی کی جنگ نہیں لڑنا چاہتے بلکہ ہم تو اس میں جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں ہماری جنگ 16 کروڑ عوام کی جنگ ہے تاکہ ملک جمہوریت کی شاہراہ پر اپنا سفر شروع کر دے ۔
Posted by Editor in Pakistan News























