اسلام آباد۔ حکومت نے 40 ارب 24 کروڑ20 لاکھ ڈالر کا غیر ملکی جبکہ 33 کھرب 73 ارب 70 کروڑ روپے کا ملکی قرضہ ادا کرنا ہے جمعہ کو قومی اسمبلی میں فوزیہ وہاب کے سوال کے تحریری جواب میں مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ 30 ستمبر2008 ء کے مطابق واجب الادا ملکی قرضوں کی کل رقم 3373.7 ارب ر وپے جبکہ 30 جون 2008 کے مطابق غیر ملکی قرضوں کی کل رقم 40.243 ارب ڈالر ہے ۔ مشیر خزانہ نے کہا ہے کہ قرضہ ملک کی مجموعی معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ خاص طور پر بجٹ کے خسارے اور کرنٹ اکاؤنٹ کے خسارے سے براہ راست ملک پر قرضوں کا بوجھ پڑا ہے ۔ بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ کے خسارے جس قدر ہوں گے قرضے لینے کی ضرورت بھی اس قدر زیادہ ہو گی اور قرض کے حجم میں بھی اس قدر تیزی سے اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے7.4بجٹ خسارہ میں کمی کے لیے سال 2008-09 ء میں بجٹ خسارہ ، جی ڈی پی کا 4.7 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ فارن کرنسی میں قرضہ کی ضروریات کے حوالے سے ڈیمانڈ کو کم کرنے کے لیے حکومت سخت مالیاتی پالیسی اور شرح مبادلہ کی لچکدار پالیسی اختیار کررہی ہے اس طرح تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ کے خساروں میں کمی کرنے کے لیے غیر لازم اور تیل سے ہٹ کر برآمدات کی حوصلہ شکنی کے لیے تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
Posted by Editor in Pakistan News























