کراچی ۔ غربت سے تنگ آ کر دو خواتین نے اپنے 5 بچے کراچی میں ایدھی ٹرسٹ کے حوالے کر دیئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز 2 عورتوں نے اپنے 5 بچے ایدھی ٹرسٹ کے حوالے کئے ۔ کراچی میں یہ اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے اس سے پہلے 3 خواتین نے اپنے 8 بچے ایدھی ٹرسٹ کے حوالے کئے تھے تاہم دوسرے روز انہوں نے یہ بچے ایدھی ہوم سے واپس لے لئے تھے ایدھی ٹرسٹ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ تازہ واقعہ کی وجہ بھی غربت و افلاس اور بے روزگاری ہے جس کی وجہ سے دو خواتین نے ایدھی ہیڈ آفس میں آکر یہ بچے عبدالستار ایدھی کے حوالے کئے ۔ ایک عورت نے اپنا چھ ماہ کا بچہ ان کے حوالے کیا جبکہ ایک ہندو خاتون نے اپنے 4 معصوم بچے مولانا عبدالستار ایدھی کے حوالے کئے ایدھی ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق مولانا عبدالستار ایدھی نے کہا ہے کہ ان غریب لوگوں کی غربت کا وہ مذاق نہیں اڑانا چاہئے اور اگر کسی وجہ سے یہ لوگ اپنے بچوں کی پرورش نہیں کر پا رہے تو ایدھی ٹرسٹ ان بچوں کی پرورش کرے گا اور اس سے جو بھی ہو پایا وہ کرے گا ۔ عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی راہنما نہیں بلکہ وہ ایک سماجی کارکن ہیں اور وہ خدمت کے لئے وقف ہیں
Posted by Editor in Pakistan News























