لاہور۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کو مزید متحرک اور فعال ادارہ بنایاجائے اور کمیشن کے ذریعے ہونے والی تمام بھرتیوں کو سو فیصد میرٹ پر یقینی بنایا جائے۔ انہوںنے کہا کہ مختلف شعبوں میں بھرتی کے عمل کو مزید تیز کیاجائے اور حکومت پنجاب کمیشن کو اس مقصد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میںچیئرمین و ممبرز پنجاب پبلک سروس کمیشن سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری ‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری سروسز بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ کمیشن محکمہ پولیس کی اسسٹنٹ سب انسپکٹر زکی 500 آسامیوں پر بہترین و قابل امیدواروں کا انتخاب کرے تاکہ وہ نہ صرف معاشرے سے جرائم کی بیخ کنی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں بلکہ عوام کے بھی حقیقی معنوں میں محافظ ثابت ہوں۔ انہوںنے کہا کہ کمیشن نے ان کے گذشتہ دور میں بھی سب انسپکٹر کی 300آسامیوں پر بھرتی کے عمل کو نہایت شفاف بنایا تھا۔ انہوںنے کہا کہ تمام ادراوں کو مستحکم بنانا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ اپنے فرائض غیر جانبداری اور بہتر طریقے سے سرانجام دیں سکیں۔ انہوںنے کہا کہ کمیشن مختلف محکموں میں موذوں افراد کا میرٹ پر انتخاب کرکے ایک اہم فریضہ سرانجام دے رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت صوبے میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے اور اس ضمن میں ضلع کی سطح پر خصوصی سیمینارز منعقد کئے جارہے ہیں جس میں والدین، ماہرینِ تعلیم ‘ اساتذہ اور طلبا و طالبات تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے اپنی آراء سے آگاہ کر رہے ہیں اور اُن کی آراء کی روشنی میں نظام تعلیم کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت خادم اعلیٰ اُنہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران تعلیمی شعبہ کی ابتری کا خود مشاہدہ کیا ہے اور اسی لئے تعلیمی شعبہ کی بہتری اور اس میں انقلابی تبدیلیاں لانا اُن کی اولین ترجیح ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ تعلیم کے شعبے کو بہتربنائے بغیر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جاسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ پبلک سکولوں میں بھی کوالٹی ایجوکیشن فراہم کرنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ متوسط اور غریب طبقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کو بھی تعلیم کے بہترمواقع فراہم کئے جاسکیں۔ انہوںنے کہا کہ کمیشن مختلف محکموں میں بھرتی کے عمل کو مزید تیز کرے اور بھرتی کا عمل مکمل شفاف ہونا چاہیے۔اُنہوں نے اُمیدواروں کے انتخاب کیلئے امتحانات اور انٹرویوز کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ اہل امیدوار ہی آگے آسکیں۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن شہزاد حسن پرویز نے اجلاس میں کمیشن کی کارکردگی، امتحانات و انٹرویوز کے طریقہ کار ، مختلف اسامیوں کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں سمیت دیگر امور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیاجارہا ہے ، انہوںنے بتایا کہ اُمیدواروں کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے امتحانات اور انٹرویو کے عمل کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ چیئرمین کمیشن نے بتایا کہ تعلیمی معیار گرنے کی وجہ سے مختلف اسامیوں کیلئے اُمیدواروں کا علم انتہائی اوسط درجے کا ہے اس لئے تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے فوری موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوںنے بتایا کہ کمیشن کی نئی بلڈنگ کے لئے حکومت نے جوہر ٹاؤن میں ساڑھے آٹھ کنال رقبہ خریدنے کے لئے رقم مہیا کی ہے جہاں امتحانی سنٹر اور کمیشن کے دفاتر قائم کئے جائیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کمیشن کے امتحانی مراکز کی تعمیر کے بعد کمیشن کے زیرِ اہتمام ہونے والے تحریری امتحانات کا معیار مزید بہتر ہوگا،جبکہ موجودہ بلڈنگ میں بھی امیدواروں کی سہولت کے لئے کام جاری رہے گا۔ انہوںنے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ کمیشن ان کی ہدایات کے مطابق امیدوار وںکے انتخاب کے بارے میں میرٹ کو ہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھے گا۔
Posted by Editor as Pakistan News at 11:18 PM JST























