پشاور۔ صوبہ سرحد کے سینئر وزیر، وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بشیر احمد بلور نے میونسپل سہولیات بہتر بنانے اور مالی بے ضابطگیوں کے خاتمے اور ہر طرح کی انکوائریاں جلد نمٹانے کی ضرورت پر زور دیاہے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں لوکل گورنمنٹ کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا کہ اکثر ٹاؤن دفاتر اورشہری خدمات کے مختلف شعبوں میں دستیاب وسائل سے بڑھ کر عملے کی بھرتی کے علاوہ بعض منظور نظر جونئیر اہلکاروں کو ان کی حیثیت اور گریڈ سے بالا کاموں پر لگا کر صورتحال کو مزید بگاڑ دیا گیا ہے جبکہ کئی با صلاحیت سینئر اہلکارو ں اور افسروں کو یا تو کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے یا انہیں جونئیر سٹاف کی جگہ تعینات کیا گیا ہے انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے محکموں میں بد انتظامی اور اقربا پروری کسی صورت برداشت نہیں کرینگے نہ ہی بلدیات جیسے اہم ادارے میں بدعنوان اور کام چور اہلکاروں کی گنجائش ہے جبکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے اہلکاروں کے خلاف بلا رورعایت سخت ترین کاروائی سے گریز نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کمیشن کے ارکان ان سے بھرپور تعاون کریں گے انہوں نے انکوائریوں کو غیر جانبدارانہ، فوری اور وسیع تر عوامی مفاد میں نمٹانے جبکہ حکام کو ٹیکس وصولی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی اسی طرح انہوں نے کسی بھی بدعنوانی پر فوری طور پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت بھی کی بشیر احمد بلور نے پشاور میںخراب ٹیوب ویلوں کی فوری درستگی اور تمام ٹیوب ویلوں کو فعال بناکرشہریوں کو دن رات آبنوشی کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے دوران وہ شہر کے کسی بھی حصے میں آبنوشی کی قلت کی شکایت برداشت نہیں کرینگے اور کسی بھی ٹیوب ویل کی خرابی یا پانی کی کمی کی شکایت کا سخت ترین نوٹس لینگے اسی طرح انہوں نے شہر کے تمام گلی کوچوں اور بازاروں میں سٹریٹ لائٹ کا نظام بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ خود انہوں نے کئی گلی محلوں میں سٹریٹ لائٹ کی خڑابی کے باعث گھپ اندھیرے کا راج دیکھا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی درالحکومت کی حیثیت سے پشاور کو اندھیروں کا نہیں بلکہ روشنیوں کا شہر ہونا چاہئے اور اس مقصد کے لئے ٹاؤن حکام کو دن رات عوامی خدمت کا حق ادا کرنا ہوگا جبکہ وہ خود بھی گاہے بگاہے شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ عوامی اور جمہوری دور میں عوام کو تبدیلی کا احساس نہ دلایا جائے تو یہ حکومت اور حکام کی ناکامی ہو گی جس کی نوبت نہیں آنے دی جائے گی۔
Posted by Editor as Pakistan News at 12:15 AM JST























