اسلام آباد ۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی بہتری اسی میں ہے کہ حکمران اتحاد کو مضبوط کیا جائے ۔ معزول ججوں کو آج یا کل بحال ہو جانا چاہئے ۔ پنجاب ہاؤس سے زرداری ہاؤس روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ ملک کی بہتری اسی میں ہے کہ موجودہ حکمران اتحاد کو مضبوط کیا جائے تاکہ ملک میں امن و امان قائم ہو سکے اور مہنگائی اور بے روزگاری کے مسائل پر قابو پایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے نزدیک چیئرمین آصف علی زرداری نے وعدہ کیا تھا کہ پرویز مشرف کے جانے کے بعد تمام معزول ججوں کو بحال کر دیا جائے گا امید ہے کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سے ہونے والی ملاقات میں معزول ججوں کی بحالی کے حوالے سے بات چیت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کٹمنٹ تھی کہ جیسے ہی صدر پرویز مشرف اپنا عہدہ صدارت چھوڑیں تاہم معزول ججوں کو فوری طور پر بحال کر دیں گے ۔ اس لئے معزول ججوں کو آج یا کل بحال ہو جانا چاہئے ۔ سابق صدر پرویز مشرف کو محفوظ راستہ دینے کے حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر اس معاملے میں یہ سمجھا جائے کہ میں ذاتی عناد کی وجہ سے ان کا ٹرائل چاہتا ہوں تو یہ غلط ہے اگر پوری قوم ان کا ٹرائیل چاہتی ہے تو یہ ضرور ہونا چاہئے ۔
Posted by Editor in Pakistan News























