بدین ۔ سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے ماضی کے مقابلہ میں صدر مشرف زیادہ مضبوط اور بااختیار ہیں اور موجودہ حکمران اس ڈیل کے پابند ہیں جو امریکہ کی ثالثی میں صدر مشرف کے ساتھ کی گئی ہے۔ سرکٹ ہاؤس بدین میں صحافیوں سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آر او کے ذریعے بدعنوانیوں کو قانونی تحفظ دیا گیا اور کرپشن سمیت تمام سنگین مقدمات بھی ختم کر ائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو ایک خط لکھ کرشہید بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات ان کی نگرانی میں کر انے کا کہا ہے جس کے جواب کا انتظار ہے ۔بے نظیر بھٹو ان کے خاندان کا حصہ تھیں لہذ ان کے نام پر کسی کو سیاست نہیں کر نے دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ شہید آخری وقت میں آصف زرداری سے دور تھیں اور ان کی وطن واپسی بھی اکیلی ہوئی تھی ۔ان کی شہادت کا مقدمہ عوام میں لیکر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ،بے روزگاری ،بدامنی عروج پر ہے، عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل موجود ہے مگر اس کیلئے سنجیدہ کوششیں نہیں کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محمود الحسن امروہی ، ایوب شر ،شمشیر کہکشاں بھرگڑی ،شیر خان کھوسو ، رئیس حامد خان بھرگڑی ،رئیس لیاقت خان بھرگڑی ،غلام محمد خاصخیلی ودیگر موجود تھے
Posted by Editor as Pakistan News at 12:13 AM JST























