پشاور۔ سرحد اسمبلی میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی جماعتوں نے سوات آپریشن کو مسترد کر دیا اور موقف اختیار کیا کہ سرحد اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیاگیا اور نہ ہی سیاسی جماعتو ں سے مشاورت کی گئی۔یہ بات سرحد اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی اور مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے ثناء نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اکرم خان درانی نے کہا کہ ہم فاٹا اور پاٹا میں آپریشن کے خلاف ہیں اور جب اتحادی جماعتوں کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا تو اس میں یہ فیصلہ کیاگیا کہ کوئی آپریشن نہیں کیا جائے گا مگر اس کے باوجود سوات میں آپریشن کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہر قسم کے آپریشن کے خلاف ہے ۔مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر پیر صابر شاہ نے کہا کہ سوات میں آپریشن کرنے سے متعلق نہ سرحد اسمبلی کواعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی انہوں نے قومی پالیسی مرتب کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس کا ایک مستقل حل ہونا چاہیے ۔پیر صابر شاہ نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سرحد اسمبلی کے ہوتے ہوئے آپریشن سے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہ لینا زیادتی ہے ۔
Posted by Editor as Pakistan News at 9:58 PM JST























